خلیج ہڈسن (فرانسیسی: baie d'Hudson، انگریزی: Hudson Bay) شمال مشرقی کینیڈا میں ایک نسبتاً اتھلا آبی جسم ہے۔ یہ 12.3 لاکھ مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ مشرق میں یہ آبنائے ہڈسن کے ذریعے بحر اوقیانوس سے منسلک ہے جبکہ شمال میں رودبار فوکس اور فیوری اور ہیکلا کی آبنائے کے ذریعے بحر منجمد شمالی سے جڑا ہوا ہے۔

خلیج ہڈسن

اس خلیج کا نام ہنری ہڈسن سے موسوم ہے جنھوں نے 1610ء میں اس خلیج کا تحقیقی سفر کیا تھا۔ اپنے چوتھے سفر کے دوران وہ گرین لینڈ کے مغربی ساحلوں سے خلیج میں داخل ہوئے اور اس کے مشرقی ساحلوں کے نقشے بنائے۔ ان کا جہاز ڈسکوری موسم سرما میں برف میں پھنس گیا اور جہاز کے عملے نے خلیج جیمز کے جنوبی علاقے کے ساحلوں پر اتر کر جان بچائی۔ جب بہار میں برف پگھلی تو ہڈسن نے باقی علاقے کو تلاش کرنا چاہا لیکن عملہ کے اراکین نے 22 جون 1611ء کو انکار کر دیا۔

خلیج ہڈسن میں نمکیات دنیا کے دیگر سمندروں کی اوسطاً نمکینی سے کم ہیں۔ جس کی اہم وجوہات میں سال کے بیشتر مہینوں میں برف سے ڈھکے رہنے کے باعث عمل تبخیر میں کمی، دریاؤں اور چشموں کی بڑی تعداد کا اس خلیج میں گرنا، سمندری برف کا سالانہ پگھلاؤ، جو سطح پر میٹھے پانی کا اہم ذریعہ ہے اور بحر اوقیانوس سے محدود تعلق ہیں، جو اس کے مقابلے میں زیادہ نمکین ہے۔

  NODES