دیگر استعمالات کے لیے دیکھیے عدسہ (ضد ابہام)

ایک عدسہ
عدسے روشنی کو مرکوز کر سکتے ہیں

عدسہ (Lens) ایک بصریاتی (Optical) اختراع جو اپنی ساخت میں کامل محوری تناظر (Axial Symmetry) رکھتی ہے اور روشنی یا نور کی سوقیت (Transmittance) یا ترسیل کا موجب بن کر اس کے تکسر، تقارب (Convergence) یعنی ارتکاز یا تباعد (Divergence) یعنی اتساع یا انتشار کا باعث ہوتی ہے۔

’’ عدسہ (Lens) شفاف واسطے کے ایسے حصے کو کہتے ہیں۔ جو ایک یا دو کروی سطحوں سے گِھرا ہو۔ ‘‘

یا ’’ایسا شفاف جسم جس کی دو سطحیں یا کم از کم ایک سطح منحنی (curve) ہو عدسہ کہلاتا ہے۔‘‘ عدسوں سے روشنی کی شبیہ (Image) روشنی کے انعطاف کی وجہ سے بنتی ہے۔ عدسے دو سطحوں والے شفاف مادے سے بنتے ہیں جن کی ایک یا دونوں سطحیں کروی ہوتی ہے۔ عدسہ کم از کم ایک کروی سطح سے گِھرا ہوتا ہے۔ ایسے عدسوں میں دوسری سطح [[[مستوی]] یا چپٹی ہوتی ہے۔

سادہ عدسوں کی اقسام

ترمیم

عدسے دو قسم کے ہوتے ہیں۔

محدب عدسہ

ترمیم

محدب عدسے (Convex Lens) روشنی کی متوازی شعاعوں کو ایک نقطے پر مرکوز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اور درمیان میں کناروں کی نسبت موٹے ہوتے ہیں۔ ’’ایسے عدسے جن میں سے متوازی واقع شعاعیں (Parallel incident rays) گذر کر ایک نقطے پر سمٹ جاتی ہیں محدب عدسے یا استدقاقی عدسہ یا تقاربی عدسہ (converging lenses) کہتے ہیں۔‘‘ یہ عدسہ درمیان سے موٹا اور کناروں سے پتلا ہوتا ہے۔ محدب عدسے اپنی کروی سطحوں کے اعتبار سے درج ذیل تین صورتوں میں پائے جاتے ہیں۔

1.مستوی محدب عدسہ (Plano convex Lens)

’’ایسا عدسہ جس کی سطح ایک طرف سے مُستوی (Plane) یا چپٹی اور اور دوسری طرف محدب ہو مستوی محدب عدسہ کہلاتا ہے۔‘‘

2.دوہرا محدب عدسہ (Double Convex Lens)

’’ایسا محدب عدسہ جس کے باہر کی طرف دو ابھری ہوئی کروی سطحیں ہوں یعنی جس عدسے کی سطح دونوں طرف سے محدب ہو۔ دوہرا محدب عدسہ کہلاتا ہے۔’’

3.مقعر محدب عدسہ (Concavo Convex Lens)

’’ایسا عدسہ جس کی سطح ایک طرف سے مقعر یا مجوف اور دوسری طرف سے محدب ہو مقعر محدب عدسہ کہلاتا ہے۔‘‘

مقعر عدسہ

ترمیم

مقعر عدسے ( Concave Lens) کناروں کی نسبت درمیان سے پچکے ہوتے ہیں۔ اور روشنی کی متوازی شعاعوں کو پھیلا دینے یعنی اتساعی یا انتشاری (diverging) خصوصیت رکھتے ہیں۔ اسلے مقعر عدسوں کو اتساعی عدسے (diverging lense) بھی کہتے ہیں۔ یا ’’ایسے عدسے جن میں سے متوازی واقع شعاعیں (Parallel incident rays) گذر کر ایک نقطے سے پھیلتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں مقعر عدسے یا غیر تقاربی عدسے یا اتساعی عدسے (Diverging Lenses) کہتے ہیں‘‘ ۔یہ عدسے درمیان میں پتلے اور کناروں سے موٹے ہوتے ہیں۔یہ بھی درج ذیل تین قسم کے ہوتے ہیں۔

1.مستوی مقعر عدسہ (Plano Concave Lens)

’’ایسا مقعر عدسہ جس کی سطح ایک طرف سے مُستوی یا چپٹی اور دودوسری طرف سے مقر ہو مستوی مقعر عدسہ کہلاتا ہے۔‘‘

2.دوہرا مقعر عدسہ (Double Concave Lens)

’’ایسا مقعر عدسہ جس کے اندر کی طرف خمدار دو سطحیں ہوں یعنی جو عدسہ دونوں طرف سے مقعر یا مجوف ہو، دوہرا مقعر عدسہ کہلاتا ہے۔‘‘

3.محدب مقعر عدسہ (Convexo Concave Lens)

’’ایسا عدسہ جس کی سطح ایک طرف سے محدب اور دوسری طرف سے مقعر یا مجوف ہو محدب مقعر عدسہ کہلاتا ہے۔‘‘

 
روشنی کے عدسہ سے گزرنے کے بعد نیلا رنگ عدسے کے نزدیک فوکس ہوتا ہے اور لال رنگ ذرا دور.
  NODES
os 3